بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

’گیند سلو آرہی ہے‘ مچل اسٹارک نے جیسوال سے بدلہ لے لیا

اشتہار

حیرت انگیز

پرتھ ٹیسٹ میں بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے مچل اسٹارک کو کہا تھا کہ ’گیند سلو آرہی ہے۔‘ جس کا بدلہ فاسٹ بولر ان سے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں گولڈن ڈک پر آؤٹ کرکے لیا ہے۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا کے خلاف بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 180 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جواب میں آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 86 رنز بنالیے ہیں، کینگروز کو مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے لیے مزید 94 رنز درکار ہیں۔

نیتھن میک سوئنے 38 اور مارنوس لبوشین 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کو 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

تاہم پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک پر جملے کسنے والے بھارتی بیٹر جیسوال کی فاسٹ بولر کے آگے ایک نہ چلی۔

ہوا کچھ یوں کہ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں مستحکم پوزیشن پر تھی، جیسوال نے شاندار 161 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس اننگز کے دوران جیسوال نے اسٹارک کو چھیڑتے ہوئے کہا کہ’ آپ کی گیند بہت آہستہ آرہی ہے’، یہ الفاظ اسٹمپ مائیک کے ذریعے ناظرین نے بھی سنے تاہم اسٹارک نے مسکرا کر اسے نظر انداز کردیا تھا۔

لیکن اب ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے  ٹیسٹ میں اسٹارک نے جیسوال کو میچ شروع ہوتے ہی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔

سوشل میڈیا پر جیسوال کو کافی ٹرول کیا جارہا ہے جبکہ اسٹاک کی تعریف کی جارہی ہے کہ انہوں نے اپنے کھیل سے بھارتی بیٹر کو جواب دیا اور کسی بھی بولر کا سب سے بہترین بدلہ یہ ہوتا ہے کہ وہ بیٹر کی وکٹ لے جیسا کہ اسٹارک نے کیا۔

اسٹارک نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلے ٹیسٹ کے بعد ایک انٹرویو میں اسٹارک نے جیسوال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے سنائی ہی نہیں دیا کہ اس نے کیا کہا،ہاں ماضی میں فیلڈ پر کافی بولتا تھا پر میں آج کل زیادہ بات نہیں کرتا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں