سندھ بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اور یونیورسٹیز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا دوبارہ ٹیسٹ آج ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ بھر میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان آج ہوگا۔ یہ امتحان کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بیک وقت لیا جائے گا اور مجموعی طور پر 38 ہزار 609 امیدوار ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
آئی بی اے سکھر کے مطابق پرچہ 200 کثیر انتخابی سوالات پر مشتمل ہو گا، دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہے۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور جامعہ کراچی میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں مسکن، میٹروویل اور شیخ زید گیٹس سے داخلہ ممکن ہوگا۔
سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول، گیٹ نمبر 3 سے امیدوار داخل ہو سکیں گے۔ مہران یونیورسٹی جامشورو گیٹ نمبر دو سے داخل ہونا ہوگا۔
حیدرآباد میں پبلک اسکول لطیف آباد میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے اور امیدوار اسکول کے مرکزی گیٹ سے داخل ہو سکیں گے۔
شہید بینظیر آباد میں کوئسٹ مرکزی گیٹ اور لاڑکانہ پولیس ٹریننگ اسکول کے مین گیٹ سے امیدواروں کا امتحانی مراکز میں داخلہ ہوگا۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے امیدواروں کے موبائل فون، اسمارٹ واچز اور الیکٹرانک گیجٹس ساتھ لانے پر سخی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔
امیدواروں کے امتحانی مراکز میں داخلے کے لیے اصل ایڈمٹ سلپ، شناختی کارڈ سمیت دیگر اہم دستاویزات لازمی قرار دی گئی ہیں جب کہ امیدواروں کے والدین کے لیے تمام مراکز میں انتظار گاہ کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ تقریباً دو ماہ قبل ملک بھر میں لیا گیا تھا تاہم پرچہ سوشل میڈیا پر لیک ہونے کے بعد عدالت میں ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کرنے اور ٹیسٹ دوبارہ لینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
اب عدالتی احکامات کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2024 کا دوبارہ انعقاد آئی بی اے سکھر کروا رہا ہے، ایم ڈی کیٹ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بیک وقت ہو رہا ہے۔