سجاول: ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش قانوناً جرم ہے پھر بھی مختلف تقاریب اور مقامات پر ان کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔
شادی بیاہ کی تقریب میں عموماً ہونے والی ہوائی فائرنگ کسی نہ کسی حادثے کا سبب بنتی ہے اس کے باوجود لوگ اس سے باز نہیں آتے ہیں، ایک ایسا ہی افسوسناک واقعہ سجاول کے میرپور بٹھورو میں پیش آیا جہاں بارات کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے دولہے والدہ جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریب میں فائرنگ سے دولہے کی ماں کو گولی لگی اور وہ زندگی کی بازی ہار گئی، دولہے کی والدہ کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائےگی۔
کراچی: شادی میں ہوائی فائرنگ پر پولیس نے دولہے کو گرفتار کرلیا
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں تقریبات کے موقعے پر کی جانے والی فائرنگ کے باعث معصوم جانیں ضائع ہونے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، اس سے قبل ٹنڈو جام میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے مقامی فنکارہ جاں بحق ہوگئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق عمومی طور پر بندوقوں کا رخ ہوا میں کر کے فائرنگ اس غلط فہمی کی بنا پر کی جاتی ہے کہ اس صورت میں کسی کے زخمی ہونے کا احتمال نہیں رہتا، تحقیق کے مطابق درحقیقت ہوا سے واپس آ کر گرنے والی گولیاں براہ راست فائرنگ سے زیادہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں اس لیے ہمشہ احتیاط کریں۔