بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کو دھوکا دہی کیس میں نئی دہلی کی عدالت نے طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گرم دھرم ڈھابہ فرنچائز سے متعلق کیس میں شکایت کنندہ دہلی کے تاجر سشیل کمار کے وکیل ڈی ڈی پانڈے نے جج کو بتایا کہ ان کے موکل کو فرنچائز میں سرمایہ کاری کے لیے لالچ دی گئی تھی۔
عدالت کے جج یشدیپ چہل نے 5 دسمبر کو جاری کردہ حکم میں کہا کہ شواہد کے مطابق ملزمان کے خلاف دھوکا دہی اور مجرمانہ سازش کے الزامات ثابت ہوتے ہیں۔
عدالت نے ملزمان کو 20 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
درج شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2018 میں ملزمان نے دھرمیندر کے نمائندے کی حیثیت سے سشیل کمار کو نئی دہلی کے علاقے میں ایک ڈھابہ فرنچائز کھولنے کی پیشکش کی۔ سشیل کمار نے ستمبر 2018 میں 17.70 لاکھ روپے کا چیک دیا لیکن اس کے بعد ملزمان نے ان سے رابطہ ختم کر دیا اور رقم لے کر قرار ہوگئے۔
عدالت نے شواہد کی بنیاد پر کہا کہ ملزمان نے دھرمیندر کی جانب سے معاملہ آگے بڑھایا اور فراڈ کے الزامات کی تائید کرنے والے دستاویزات بھی موجود ہیں جس کی بنیاد پر سینئر اداکار کو عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔
دھرمیندر کو عدالت میں طلب کیے جانے پر اداکار اور ان کے اہلخانہ نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔