آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں محمد رضوان کی ترقی جبکہ بابر اعظم کی تنزلی ہوئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور جنوبی افریقا کے پہلے ٹی 20 میچ کے بعد نئی رینکنگ جاری کی ہے جس میں بابر اعظم کی تنزلی ہوئی ہے جبکہ محمد رضوان آٹھویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
محمد رضوان کی 74 رنز کی اننگز میں ان کی رینکنگ بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بابر اعظم 710 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دو درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں سے ساتویں نمبر پر آگئے ہیں، بابر میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹی 20 رینکنگ کے ٹاپ 50 میں بابر اور رضوان کے علاوہ کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 855 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں انگلینڈ کے فل سالٹ کے 829 پوائنٹس اور بھارت کے تلک ورما 806 پوائنٹس ہیں۔
بولرز رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی شاندار کارکردگی کے باعث 26ویں سے 20ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ شاہین نے کل کے میچ میں تین وکٹیں حاصل کی اور ٹی 20 میں اپنی 100وکٹیں مکمل کی تھیں۔
حارث رؤف 20ویں سے 23ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ عماد وسیم بھی 40ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
انگلینڈ کے عادل رشید 701 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا دوسرے، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا کا تیسرا نمبر ہے۔