چیمپئنز ٹرافی پر مذاکرت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی دبئی میں موجود ہیں، پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مذاکرات میں اپنے دو ٹوک موقف پر قائم ہے، آئی سی سی، بی سی سی آئی اور محسن نقوی کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں، چیمپئنزٹرافی پر فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بی سی سی آئی کو کرنا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی پر ابھی تک تعطل برقرار ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اصول موقف پر ڈٹا ہوا ہے جس کے تحت پاکستان اگلے تین سال میچز کھیلنے بھارت نہیں جائے گا۔
ہائبرڈ ماڈل ہوگا تو بھارت کے پاکستان نہ آنے پر پاکستان بھی بھارت نہیں جائے گا، نہ اس کے لیے پاکستان کو زرتلافی چاہیے نہ کوئی اور چیز چاہیے۔
چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ، بھارت تحریری معاہدے سے پیچھے ہٹنے لگا
اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر بھارتی بورڈ تحریری معاہدے سے پیچھے ہٹنے لگا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں ڈھائی ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے لیکن شیڈول اب تک سامنے نہیں آسکا، دو بورڈز میٹنگ کے بعد بھی آئی سی سی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا جبکہ بھارتی ہٹ دھرمی بھی برقرار تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معاملے کو سلجھانے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں اب ایک سے دو روز میں بریک تھرو کا امکان ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی خبری دی ہیں کہ بھارتی بورڈ پاکستان کی تجویز مان گیا ہے۔