اسرائیل شام کی صورتحال کافائدہ اٹھانےلگا، اسرائیلی فوج کی جانب سے 48 گھنٹے کے دوران شام میں 480 حملے کیے گئے ہیں۔
سیرین آبزرویٹری فارہیومن رائٹس نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شام کے 13 صوبوں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج نے شام کے کئی شہروں میں اہداف کونشانہ بنایا اور بمباری کی، اسرائیلی فوج نے حملوں میں 15 بحری جہازوں، ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات کو تباہ کردیا۔
غیرملکی خبرایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شام کے باقی ماندہ فوجی اثاثوں کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اسرائیلی فوج نے حملے کرکے شام کے کئی ریڈار سسٹم اور متعدد ایئربیس کوتباہ کردیا۔
اسرائیلی فوج نے دمشق کے قریب القطیفہ کے علاقے میں کیمیکل فیکٹری پر بھی بمباری کی، سول ڈیفنس نے بتایا کہ دمشق کے قریب القطیفہ کے علاقے میں کیمیائی مادوں کا کوئی اخراج نہیں ہوا۔
خبرایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے بعد نقصان دہ مادے کے خارج ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، تاہم مادے کا اخراج کی خبریں نہیں آئیں۔
دوسری جانب فرانس نے اسرائیل سے شام کی خودمختاری کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے، فرانس نے کہا کہ اسرائیل کو گولان کی پہاڑیوں کو الگ کرنے والے بفرزون سے فوج ہٹانا چاہیے،
فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات 1974 کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے، اسرائیل شامی علاقے سے نکل جائے اور شام کی خودمختاری کا احترام کرے۔