نئی دہلی: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ہندوستانی معیشت کو ایک بڑا جھٹکا دیتے ہوئے ملک کی اقتصادی ترقی کے تخمینے میں کمی کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں مہنگائی سے نمٹنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی کی وجہ سے نجی سرمایہ کاری اور مکانات کی مانگ میں کمی آنے کے سبب اے ڈی بی نے بدھ کو 2024-25 کے لیے ہندوستان کی ترقی کی پیشن گوئی کو پہلے کے 7 فی صد سے کم کر کے 6.5 فی صد کر دیا ہے۔
اے ڈی بی نے مالی سال 26-2025 کے لیے ہندوستان کی نمو کے تخمینوں کو بھی 7.2 فی صد سے کم کر کے 7 فی صد کر دیا ہے۔ حال ہی میں پالیسی میٹنگ کے بعد آر بی آئی کے گورنر نے بھی شرح ترقی کے تخمینے میں تخفیف کرتے ہوئے 6.6 فی صد کر دیا تھا۔
ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک (اے ڈی او) کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی تجارت، مالیات اور امیگریشن پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ایشیا کی ترقی متاثر ہو سکتی ہے، اور مہنگائی میں بھی اضافے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کی معیشتوں کے 2024 میں 4.9 فی صد کی شرح سے بڑھنے کی امید ہے، یہ فی صد اے ڈی بی کی جانب سے ستمبر میں لگائے گئے 5 فی صد کے اندازے سے تھوڑا سا کم ہے۔
خیال رہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے بھی رواں مالی سال کے لیے شرح ترقی کے تخمینے کو 7.2 فی صد سے کم کر کے پچھلے ہفتے 6.6 فی صد کر دیا تھا، مرکزی بینک نے معاشی سرگرمیوں میں سست روی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر مہنگائی کا تخمینہ بھی بڑھا کر 4.8 فی صد کر دیا تھا۔