اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 175 جعلی اسلحہ لائسنس بنانے میں ملوث نادرا کے اہلکار کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ جعلی اسلحہ لائسنس بنانے میں ملوث نادرا کے اہلکار کو گرفتار کر لیا جس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اہلکار کے بیان کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، اہلکار وزارت داخلہ کا جعلی لیٹر لگا کر نادرا کے سسٹم میں اپ لوڈ کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسلحہ لائسنس جون، اگست اور ستمبر کے دوران جاری ہوئے، لائسنس ہولڈر کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔
22 ستمبر کو افغان شہریوں کا جعلی میڈیکل ویزوں پر پاکستان آکر دیگر ممالک جانے کا انکشاف سامنے آیا تھا۔ جعلی میڈیکل ویزے پر آئے 9 افغان شہریوں کو کراچی سے جاپان اور امریکا جاتے ہوئے امیگریشن عملے نے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا تھا کہ افغان شہری میڈیکل ویزے پر کابل کی پرواز سے اسلام آباد آتے ہیں اور دوسرے ممالک کے ویزے لیتے ہیں۔ عدالتی احکامات پر گرفتار افغان شہریوں کو جیل منتقل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر 2024 تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان شہریوں کی کل تعداد 7 لاکھ 13 ہزار 46 تک پہنچ چکی اور واپسی کا یہ سلسلہ جاری ہے۔
17 اگست سے 09 ستمبر تک 21 ہزار 193 افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی ہوئی جن میں 7 ہزار 843 مرد، 6 ہزار 12 خواتین اور 7 ہزار 338 بچے شامل ہیں۔