اتوار, دسمبر 15, 2024
اشتہار

شام میں ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن، رات بھر آتش بازی

اشتہار

حیرت انگیز

دمشق: بشار الاسد رجیم کے خاتمے کے بعد شام میں شہری ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن منا رہے ہیں، گزشتہ رات بھر آتش بازی کی جاتی رہی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شامی صدر بشارالاسد کے خاندان کے نصف صدی کے اقتدار کے خاتمے پر شامی شہری ہزاروں کی تعداد میں ’’نئے دور کی صبح‘‘ کا جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔

دمشق کے امیہ اسکوائر پر لوگوں اور گاڑیوں کا ہجوم رہا، اور ہر طرف جھنڈوں کی بہار دکھائی دی، اس موقع پر زبردست آتش بازی بھی کی گئی، ہزاروں لوگ دارالحکومت کی تاریخی اموی مسجد میں جمع ہوئے، کچھ نے 3 ستاروں والا شامی آزادی کا پرچم بلند کیا، جسے اسد کی جابرانہ حکومت کے دوران دارالحکومت میں لہرانے کی ہمت نہیں تھی۔

- Advertisement -

حمص، حما اور ادلب سمیت شام کے دیگر شہروں کے چوکوں اور گلیوں میں بھی بھیڑ جمع ہو گئی، اسلام پسند گروپ حیات تحریر الشام کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے شامی باشندوں سے اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی تھی۔

واضح رہے کہ بشار حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے شام میں جارحیت کا نیا محاذ کھول دیا ہے، رات گئے شام کے اسٹریٹجک علاقوں پر صہیونی فورسز نے بم برسائے، دمشق میں ہوٹل کے قریب بھی حملہ کیا گیا، حملے کے وقت ہوٹل میں صحافیوں سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔

شام میں رجیم چینج کے بعد روسی فوج ایئر بیس خالی کرنے لگا ہے، فوجی ساز و سامان جہازوں میں منتقل کرنے کی سیٹلائٹ تصاویر سامنے آئی ہیں، ترکیہ 12 سال بعد آج دمشق میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول رہا ہے، عرب لیگ نے شامی علاقے میں اسرائیلی حملوں اور بفرزون پر قبضے کی مذمت کی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں