کراچی : گورنر سندھ انیشیٹیو کے تحت آئی ٹی طلبہ کواب ہارورڈیونیورسٹی کے پروفیسر آن لائن پڑھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ کامران ٹیسوری سے ہارورڈ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف شکاگو کے پروفیسر رینڈال کروزنر کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں آئی ٹی طلبہ کی آن لائن کلاسز اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے بعد فیصلہ ہوا کہ پروفیسر رینڈال کروزنر ہفتے میں دو مرتبہ آن لائن کلاسز کا انعقاد کریں گے۔
پروفیسر رینڈال کروزنر نے آئی ٹی مارکی اور امید کی گھنٹی سمیت راشن ڈرائیو کا دورہ کیا ، اس موقع پر پروفیسر کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کےانیشیٹیوزواقعی قابل تعریف ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان کے اقدامات مستحقین کو حق دلانےمیں کلیدی کرداراداکررہےہیں، مجھےان بچوں کوآئی ٹی کی آن لائن کلاسز دینے میں خوشی ہوگی۔
بل ازیں، گورنر سندھ نے ایک پروگرام متعارف کرایا جس کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے لیے گوگل سرٹیفیکیشن کی فیس میں سبسڈی دینا تھا۔
کامران ٹیسوری نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں گوگل ٹیم کے ساتھ بات چیت کے بعد، کوالیفائنگ امتحان کو کامیابی سے مکمل کرنے والے طلباء کو سرٹیفیکیشن پیش کرنے پر اتفاق رائے پایا گیا۔
یہ سرٹیفیکیشن طلباء کو ایسے پلیٹ فارمز تک رسائی کے قابل بنائے گا جہاں انہیں آن لائن کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے خاطر خواہ آمدنی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
کامران ٹیسوری نے اس سال ’گورنر سندھ آئی ٹی اقدام‘ شروع کیا ہے، جس کا مقصد نوجوان افراد کو ضروری آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے جن کی بہت زیادہ مانگ ہے، اس طرح مسابقتی جاب مارکیٹ میں ان کے روزگار کے حصول کے امکانات کو بڑھانا ہے۔