ہفتہ, دسمبر 14, 2024
اشتہار

سندھ میں لڑکیوں کے اسکول میں گدھے باندھ دیے گئے، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

سانگھڑ: اندرون سندھ میں لڑکیوں کے ایک اسکول میں گدھے باندھے جانے کی ایک وائرل ویڈیو سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل شہدادپور کے علاقے مقصودو رند کے ایک نواحی گاؤں میں لڑکیوں کے پرائمری اسکول میں گدھے بندھے ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جو مقامی بچوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

رئیس بروہی گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول میں گدھے باندھنے کی وائرل ویڈیو میں اسکول کی خستہ حالی دیکھی جا سکتی ہے، اسکول میں گدھے باندھے جانے پر شہریوں اور طالبات نے احتجاج بھی کیا۔

- Advertisement -

گاؤں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پرائمری اسکول کو دو سال سے تالا لگا ہوا ہے، اسکول بند ہونے کی وجہ سے اسکول میں داخل 250 طالبات کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے، اسکول کی عمارت بھی تباہی کا شکار ہو چکی ہے۔

دو سال قبل اس پرائمری اسکول کی لیڈی ٹیچر ریٹائر ہو گئی تھی، جس کے بعد اسکول مکمل طور پر بند کر دیا گیا، اور گاؤں کے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگا دیا گیا، مکینوں کا کہنا ہے کہ اس صورت حال سے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا گیا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

بچیوں کی تعلیم متاثر ہونے پر گاؤں کے مکینوں نے مظاہرہ بھی کیا، جس میں مظاہرین کا کہنا تھا کہ بند اسکول اور اساتذہ کی عدم حاضری کے باعث طالبات کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے، والدین نے وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں