اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 33 کروڑ ڈالر کے قرض پروگرام پر باضابطہ دستخط ہوگئے، رقم بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے استعمال کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے معاہدے پر دستخط کیے۔
ترجمان اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام کی رقم بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے استعمال کی جائے گی۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے معاہدے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
29 نومبر کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلیے 50 کروڑ ڈالر کا قرض موصول ہوا تھا۔
اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا تھا کہ قرض کی رقم پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلیے بھیجی گئی، اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر وصولی کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر گیارہ ارب اکانوے کروڑ پچاس لاکھ ڈالر ہوگئے تھے۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر چار ارب پینسٹھ کروڑ ڈالر سے زائد ہیں۔ مجموعی ذخائر ساڑھے سولہ ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔ پچاس کروڑ ڈالر کی رقم آئندہ ہفتے زرمبادلہ ذخائر میں شامل کی جائے گی۔
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پانچ سو ملین ڈالر قرض کا معاہدہ ہوا تھا۔ اے ڈی بی کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی صلاحیت مضبوط ہوگی اور ایک ملین ڈالر کی تکنیکی گرانٹ پروگرام پر عملدرآمد میں معاون ہوگی۔