اسلام آباد: مدارس رجسٹریشن بل کے معاملے پر وفاقی حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان بیک ڈور رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ نئے بل پر حکومت اور جے یو آئی (ف) میں مشاورت جاری ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ایڈوائس بھی صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھیج دی۔
یہ بھی پڑھیں: عطا تارڑ نے مدارس رجسٹریشن بل پر صدر کے اعتراضات کو درست قرار دے دیا
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مدارس رجسٹریشن سمیت 8 بلوں کی منظوری کا امکان ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس میں مشترکہ اجلاس 17 دسمبر کو دن 11 بجے طلب کرنے کا کہا گیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت نے مدارس رجسٹریشن بل پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کیے جائیں گے جبکہ اس سلسلے میں حکومت اور جے یو آئی میں رابطے ہوئے۔
مدارس رجسٹریشن بل میں حکومت کی طرف سے بعض تبدیلیاں لائی گئی ہیں، مجوزہ تبدیلی کے مسودے پر جے یو آئی سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ حکومتی رابطوں سے مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کر دیا گیا ہے، بل میں تبدیلی پر مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔