سکھر: کشمور کندھ کوٹ انڈس ہائی وے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمور کندھ کوٹ انڈس ہائی وے پر کام کرنے والی چینی کنسٹرکشن کمپنی سے بھتہ طلب کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر صورت حال سے آگاہ کر دیا۔
خط کے متن مطابق بڈل نامی ڈاکو نے کنسٹرکشن منیجر کو فون کر کے 50 لاکھ روپے نقد، 2 موبائل فونز، اور ایک موٹر سائیکل دینے کا مطالبہ کیا ہے، ڈاکوؤں نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو کام کرنے والے مزدوروں کو نقصان پہنچایا جائے گا۔
چینی کمپنی کے خط میں بتایا گیا ہے کہ ایس پی کشمور اور ڈی سی کشمور کو بھی ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا گیا ہے، کمپنی نے الزام لگایا ہے کہ مقامی انتظامیہ سیکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
حکومتی اقدامات میں، چینی کمپنی کی جانب سے موصول خط پر محکمہ داخلہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز کو چینی کمپنی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں کام کرنے والی کمپنی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے رینجرز اور دیگر سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔