وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد واقعے میں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سیل نے جماعت کا بھٹا بٹھا دیا۔
رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 2018 میں خدمت کے بجائے گالی کی سیاست کو جگہ دی گئی، 2018 کے بعد کہا جا رہا تھا کہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے لیکن اس وقت مسلم لیگ (ن) کی خدمت کو نہ روکا جاتا تو پاکستان جی 20 شامل ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا، گالی گلوچ، افراتفری اور انار کی کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، یہ ملک ایک دوسرے کو گولیاں اور نفرت پھیلانے کی بنیاد پر نہیں بنا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے، رانا ثنا اللہ
ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبے میں ان کو حکومت ملی ہے یہ تین بار اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے، تیسری بار اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچے تو خیبر پختونخوا کے عوام کھڑے تھے لیکن یہ خود بھاگ گئے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ یہ فیک نیوز سے نوجوانوں کو گمراہ کر رہے ہیں، افراتفری اور انارکی کی سیاست کو پنجاب کے لوگ پسند نہیں کرتے، ڈی چوک سے یہ بھاگ گئے ان کی گاڑیوں پر لوگوں نے ڈنڈے مارے، حکومت کو کسی کو مارنے یا گولی چلانے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ برے کام کا برا نتیجہ ہوتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد واقعے پر سوشل میڈیا پر جھوٹ ثابت کرنے کیلیے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، لوگ کہتے تھے پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا زبردست ہے جھوٹ کو بھی سچ دکھا دیتا ہے، اسلام آباد واقعے میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا سیل نے جھوٹ کو سچ دکھانے کی کوشش کی اور جماعت کا بھٹا بٹھا دیا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی خدمت کی سیاست کر رہی ہیں، ان کا پورا فوکس غریب اور عام آدمی کی بہتری پر ہے، ان نے ایسی اسکیمز کا آغاز کیا جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔