اسرائیل نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں اور جنگی جنون کی وجہ سے پورے خطے کو آگ اور گولہ بارود کا ڈھیر بنا دیا ہے، ایسے میں یمن کے حوثیوں نے بھی ہائپر سونک میزائل سے اسرائیل پر حملہ کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق یمن کے حوثیوں نے اسرائیل پر ہائپرسونک میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’فلسطین 2‘ نامی میزائل نے تل ابیب میں سائرن کو متحرک کر دیا تھا، جسے فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔
یمن سے وسطی اسرائیل پر بیسلٹک میزائل حملے سے تل ابیب سائرن سے گونج اٹھا، حملے کے نتیجے میں بن گورین ہوائی اڈے کی پروازیں معطل کر دی گئیں۔
یمن کے حوثی گروپ نے ایک بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک اسرائیلی فوج غزہ پر اپنی جنگ ختم نہیں کر دیتی اس وقت تک اس کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساری نے ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں کہا کہ پیر کو یہ کارروائی ایک ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ’Palestine 2‘ کا استعمال کرتے ہوئے کی گئی۔
آئرلینڈ اور اسرائیل میں کشیدہ تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے
حوثیوں نے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی طرف سے محصور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے ’قتل عام‘ کے جواب میں کیا گیا ہے، غزہ میں اسرائیل ایک سال سے زائد عرصے سے بمباری کر رہا ہے، جس میں 45,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ یمن کی سرزمین سے داغے گئے ایک میزائل کو اسرائیل میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا، تاہم تل ابیب میں الرٹ اس لیے جاری کیا گیا تاکہ لوگ فضا میں تباہ کیے گئے میزائل کے ٹکڑوں سے محفوظ رہیں۔