موٹاپا یا وزن کی زیادتی مرد و خواتین سب کیلیے پریشانی کا باعث ہے جس پر قابو پانے کیلیے وہ ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کیونکہ یہ امراض قلب اور دیگر سنگین بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔
ویسے تو وزن میں کمی کیلیے بہت سارے طریقے آزمائے جاتے ہیں لیکن اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان شوبز کی مایہ ناز اداکارہ روبینہ اشرف نے اپنی اسمارٹنیس کا راز بتاتے ہوئے وزن میں کمی کے کامیاب طریقے بیان کیے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں بچوں کی پیدائش کے بعد مجھے بھی موٹاپے کی شکایت ہوئی جس کا میں نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس پر کامیابی سے قابو پایا۔
روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ 40 سال کے بعد تقریباً سبھی کو وزن میں زیادتی کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے۔ جس کیلیے ایک ورزش ضروری ہے اور وہ ہے گردن کو نفی یا انکار میں ہلانا یعنی کھانے کی کوئی چیز سامنے آئے تو پرہیز کریں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے گھر میں شام کی چائے کے ساتھ بسکٹ کھانا ختم کردیے بلکہ خریدنا ہی بند کردیئے۔ صرف ایک چھوٹا سا کیک کا ٹکڑا میٹھے کیلئے کھا لیتی ہوں۔
اپنی ڈائیٹنگ کے حوالے سے روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ خود کو دھوکہ دینے کیلیے میں ایک روٹی کے دو ٹکڑے کرلیتی ہوں اور تصور کرتی ہوں کہ میں نے دو روٹیاں کھائی ہیں، لیکن ساتھ ہی کھانے سے پہلے سلاد کھانے کی مقدار میں اضافہ کردیا ہے تاکہ مطلوبہ کیلوریز کی مقدار میں کمی نہ آئے۔
روبینہ اشرف نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے آہستہ آہستہ شوگر فری آٹے کی روٹی اور دیگر اشیاء کھانا شروع کیں، اس کے علاوہ میں شوگر فری بریڈ کو فریج میں رکھ کر استعمال کرتی ہوں کیونکہ ایک تحقیق کے مطابق اگر آپ فریج یا فریزر میں سے کوئی بھی چیز نکال کر کھاتے ہیں تو اس کی کیلوریز آدھی رہ جاتی ہیں۔