قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر صائم ایوب نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچری اسکور کرکے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر برائن لارا کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی، اوپنر بیٹر صائم ایوب نے 119 گیندوں پر 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
سلمان علی آغا نے بھی 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ صائم ایوب کو دے دیا۔
تاہم 22 سالہ صائم ایوب نے سنچری اسکور کرتے ہی برائن لارا کا 31 سال قبل بنایا گیا ریکارڈ توڑا ہے، صائم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کرکٹر بن گئے ہیں۔
برائن لارا نے 1993 میں 23 سال اور 297 دن کی عمر میں جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے میں ہدف کے تعاقب میں سنچری اسکور کی تھی۔
صائم ایوب جنوبی افریقا میں سنچری اسکور کرنے والے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں اس سے قبل 23 سال 48 دن کی عمر میں کوئنٹن ڈی کوک نے 2016 میں سنچری اسکور کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے کل کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔