ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس کو شام میں شکست نہیں ہوئی تمام گروپوں سے تعلقات ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا روسی افواج یوکرین میں مقاصد حاصل کرنے کے قریب ہیں، یوکرینی فوج کو روسی علاقے سے باہر نکال دیں گے، 2022 میں یوکرین میں فوج بھیجنے کے بعد سے روس مزید مضبوط ہوا۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ چار سال سے ڈونلڈ ٹرمپ سے بات نہیں کی، اگر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تو بات کرنے کے لیے بہت کچھ ہوگا، امریکا کے ساتھ میزائل مقابلے کے لیے تیار ہیں، روسی ہائپر سونک بیلسٹک میزائل امریکی میزائل دفاعی نظام کو شکست دے سکتا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ یوکرین کے معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن یوکرین تنازع پر دوسری جانب کے فریق کے تیار ہونے کی ضرورت بھی ہے۔
روسی صدر کا مزید کہنا تھا کہ چین سے تعلقات بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، اس کے علاوہ روس کو شام میں شکست نہیں ہوئی، شام میں تمام گروپوں سے تعلقات ہیں۔