پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی کی ہدایت پر پی ٹی آئی فواد چوہدری سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے فواد چوہدری سے اعلانیہ لاتعلّقی کے اظہار کی ہدایات دیں، واضح کرتے ہیں کہ فواد چوہدری کا پاکستان تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری پی ٹی آئی کی ایما پر بیانیہ بنانے یا مؤقف پیش کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ اڈیالہ میں بانی سے آج وکلا کی ملاقات ہوئی، ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ بانی نے جماعتی سرگرمیوں اور لائحہ عمل سے متعلق خصوصی احکامات دیے ہیں۔
دریں اثنا سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہرمذاکرات کیلئے پُرامید ہیں تو اچھی بات ہے، پی ٹی آئی مظلوم جماعت ہے، رہنما و کارکنان عرصے سے جیلوں میں ہیں، مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچتے تو ظاہر ہے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔
حامد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہی مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کریں گے، 26ویں ترمیم کے بعد حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ہے، مذاکرات کی پہلے بھی کوشش کی گئی تھی دوبارہ کی جارہی ہے۔