بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

گورنر خیبر پختونخوا نے 9 مئی کے مجرموں کو سزا احسن اقدام قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

سرگودھا: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 9 مئی کے مجرموں کو فوجی عدالت سے ملنے والی سزا کو احسن اقدام قرار دے دیا۔

فیصل کریم کنڈٰی نے اپنے بیان میں کہا کہ 9 مئی کے مجرموں کو سزا احسن اقدام ہے ملک میں سزا اور جزا کا نظام ہوگا تو ملک ٹھیک ہوگا، مجرموں کو سزائیں نہ ملتی تو مستقبل میں اور بھی حملے ہوتے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ ملک دشمن بھی ایسا کام نہیں کر سکتے تو ان مجرموں نے کیا، مجرموں کو سزائیں ہوں گی تو لوگ مستقبل میں ایسے اقدام نہیں کر سکیں گے، سیاست اپنی حدود میں رہ کر کی جاتی ہے یہ نہیں ہو سکتا کہ غصہ آ جائے تو جی ایچ کیو پر حملہ کر دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں غلط لوگوں کو سزا ہونے تک معاشرہ بہتر نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرمان کو سزائیں سنا دی گئیں

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ابھی تو سال ہی گزرا ہے عشق کے امتحان اور بھی ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی وہ اور ان کے کارکن روئے نہیں، آصف علی زرداری نے 11 سال جبکہ بے نظیر بھٹو نے 7 سال جیل کاٹی لیکن اف تک نہ کی، انہیں ایک سال جیل میں ہوا اور مگرمچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے جو کرتوت کیے ہیں اس کی سزا ملے گی، آپ نے کوئی غلط کام نہیں کیا تو عدالتوں میں جا کر ثابت کریں، یہ پہلے کسی سے ہاتھ نہیں ملاتے تھے اب پاؤں پڑ رہے ہیں، انہیں این آر او چاہیے جو کسی صورت نہیں ملے گا، پہلے بات نہیں کرنا چاہتے تھے اور اب یوٹرن مار کر پاؤں پڑ رہے ہیں۔

گورنر کے پی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے تینوں ترجمان الگ بات کرتے ہیں، بشریٰ بی بی نے جو کرتوت پنجاب میں کیے اب کے پی میں ہو رہے ہیں، ہمیں نہیں معلوم بڑے جھوٹے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہیں یا بشریٰ بی بی۔

’علی امین گنڈاپور کہتے ہیں بشریٰ بی بی کو میں لے کر گیا تھا جبکہ خاتون کہتی ہیں میں وہاں بے سرو سامانی کے عالم میں کھڑی رہی۔ علی امین گنڈاپور نے قسم کھائی تھی عمران خان کو لیے بغیر نہیں جائیں گے۔ بشریٰ بی بی نے کہا تھا کسی صورت کارکنوں کو نہیں چھوڑوں گی۔ اب دیکھنا ہے ان دونوں میں بڑا جھوٹا کون ہے؟’

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں