کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے شوہر کے ساتھ سوار خاتون جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریفک حادثے میں جاں بحق خاتون کا شوہر زخمی ہے۔ حادثے کے بعد لوگوں نے بس کو آگ لگا دی جبکہ مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا۔
دو روز قبل منگھو پیر ناردن بائی پاس پر کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔
زخمی شحص کا نام عباس جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ حادثہ پاکستان ہوٹل کے قریب پیش آیا تھا پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی۔
حادثے کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔ ٹرک کے اوپر بوریاں بھری ہوئی تھی حادثے کے بعد کار کے مختلف پارٹس سڑک پر دور تک بکھر گئے تھے۔
تصادم کے دوران ٹرک کے اگلے حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس 15 دسمبر تک شہر میں 500 سے زائد روڈ حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 525 اموات رپورٹ ہوئیں اور مرنے والے 57 فیصد موٹرسائیکل سوار تھے۔