ممبئی: نامعلوم افراد نے ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں ساؤتھ انڈین فلم اسٹار الو ارجن کے گھر پر دھاوا بول دیا جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد نے الو ارجن کے گھر میں گھس کر املاک کو نقصان پہنچایا، رہائش گاہ پر پتھراؤ کیا، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے احتجاج کیا۔ انہوں نے اداکار کا پتلا نذرآتش کیا اور ان کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
پولیس کے مطابق عثمانیہ یونیورسٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبر نے الو ارجن کے گھر پر دھاوا بولا جنہیں گرفتار کر لیا گیا، ہمیں اداکار یا ان فیملی کی جانب سے تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
واقعے کی ایک ویڈیو میں کئی افراد کو اداکار کے گھر کے اندر گھس کر املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا۔ مظاہرین نے کمپاؤنڈ کے اندر موجود گملے بھی توڑے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت الو ارجن اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔
قبل ازیں، الو ارجن نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے اپنے مداحوں سے ذمہ داری سے کام لینے کی اپیل کی تھی۔
اداکار نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں اپنے تمام مداحوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمیشہ کی طرح ذمہ داری کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کریں اور آن لائن اور آف لائن کسی بھی قسم کی گالی گلوچ یا رویے کا سہارا نہ لیں۔
4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ کے دوران المناک واقعے میں خاتون کی موت ہوگئی تھی۔ سینما گھر میں بھگدڑ اُس وقت مچی جب اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کیلیے بڑی تعداد میں مداحوں نے تھیٹر کا رخ کیا۔
13 دسمبر کو اداکار کو مقامی عدالت نے بھگدڑ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا اور 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا، لیکن بعد میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے انہیں عبوری ضمانت دی۔
اداکار کے خلاف بی این ایس ایکٹ کی دفعہ 105 اور 118 (1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ان پر مجرمانہ غفلت کا الزام لگایا گیا۔
تاہم متوفی خاتون کے شوہر نے کہا تھا کہ وہ مقدمہ واپس لینے کیلیے تیار ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ الو ارجن کو بھگدڑ کیلیے ذمہ دار نہیں ٹھہراتے۔