پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

برازیل کے سیاحتی شہر میں طیارہ گر کر تباہ، سوار تمام افراد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

گراماڈو: برازیل میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے، واقعے کے بعد تباہی کے منظر پر مبنی ایک ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو برازیل کے سیاحتی جنوبی شہر گراماڈو کے وسطی علاقے میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام دس افراد ہلاک ہو گئے۔

طیارہ پہلے ایک عمارت کی چمنی سے ٹکرایا، اور اس کے بعد ایک مکان کی دوسری منزل سے ٹکرا گیا، اور پھر فرنیچر کی دکان پر جا گرا۔

- Advertisement -

ریاستی سول پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی کہ طیارے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے، طیارے نے سیاحتی شہر کینیلا کی میونسپلٹی سے اڑان بھری تھی، گراماڈو برازیل کا ایک مشہور سیاحتی شہر ہے، جہاں کرسمس کے موسم میں سیاحوں کی خاصی آمد ہوتی ہے۔

ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے کا مالک اور پائلٹ لوئیز کلاڈیو گیلیزی دیگر 9 مسافروں کے ساتھ ہلاک ہو گیا، یہ تمام مسافر ان کے خاندان کے افراد تھے۔ حادثے کی وجہ سے زمین پر موجود 17 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 12 اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

طیارہ 1990 میں بنا تھا، اور یہ جڑواں انجن والا پائپر PA-42-1000 تھا، جس نے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد قریبی کینیلا ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور ناموافق موسمی حالات میں ساؤ پالو ریاست کے جنڈیائی کی طرف جا رہا تھا۔

طیارے کی تباہی کے بعد اس کا ملبہ دور تک بکھر گیا تھا، شہر میں اس کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں، کہ شہر میں ایسے مصروف وقت میں یہ حادثہ پیش آیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں