فوجی عدالتوں سے 9 مئی کے مجرموں کو سنائی جانے والی سزاؤں سے متعلق بیانات پر دفترخارجہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق سے متعلق اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریوں پرعملدرآمد کیلئے پُرعزم ہے، پاکستان کا قانونی نظام بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا قانونی نظام اعلیٰ عدالتوں کے ذریعے عدالتی نظرثانی کا طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔
پاکستان کا قانونی نظام انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ و تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، فوجی عدالتوں کے فیصلے پارلیمنٹ سے منظور قانون کے تحت، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کیے گئے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کیلئے مثبت مکالمے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان ایس پی پلس اسکیم، بین الاقوامی انسانی حقوق معاہدوں کے تحت ذمہ داریوں کیلئے پُرعزم ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپی یونین سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کے نفاذ کیلئے یورپی یونین سے تعاون برقرار رہےگا۔