بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

’’افغانستان کی وجہ سے امریکا کیلئے پاکستان کی جو حیثیت تھی اب نہیں رہی‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ افغانستان کی وجہ سے امریکا کیلئے پاکستان کی جو حیثیت تھی اب نہیں رہی۔

اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افغانستان کی وجہ سے امریکا کیلئے جو حیثیت تھی اب نہیں رہی، پاکستان اس وقت امریکا کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔

سابق سفیر برائے امریکا ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغانستان کا معاملہ تھا تو بات الگ تھی اب امریکا کا پاکستان پر ویسا اثرونفوذ نہیں، ملک کی پالیسی اپنے مفاد کے تحت چلتی ہے۔

- Advertisement -

ایک رائے ہے کہ ٹرمپ کے آنے سے پہلے پی ٹی آئی کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، دوسری رائے ہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت دونوں کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا تھا، پی ٹی آئی اور حکومت دونوں پیچھے ہٹنا چاہتے ہیں اسی لیے پیشرفت ہورہی ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ ٹرمپ ابھی صدر بنے نہیں اس وقت ایسا کچھ نہیں کرسکتے کہ تعلقات پر اثر پڑے، جب تک ٹرمپ صدر نہیں بنتے تب تک ان کے پیغامات کی حیثیت نہیں ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کے معاون اس وقت ٹوئٹ کررہے ہیں تو ذاتی حیثیت میں ہونگے، اس وقت ٹرمپ کا نامزد کردہ فرد ٹوئٹ کررہا ہے جو اسکا انفرادی فعل ہے، ٹرمپ نے ابھی عہدہ نہیں سنبھالا، نہیں کہہ سکتے صدر بننے کے بعد رویہ کیا ہوگا۔

سابق سفیر برائے امریکا نے کہا کہ جو صورتحال ہے ملک کو فائدہ نہیں ہورہا تھا اسی لیے دونوں کو پیچھے ہٹنا چاہیے، حکومت کو اچھے پیغام کے طور پر پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کو ریلیز کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس سے متعلق مغربی ممالک کی ایک واضح پوزیشن ہے، یورپی یونین کی جانب سے ذکر ہونے پر جی ایس پی پلس پر اثر ہونے کا خدشہ ہے، ہرملک کی پالیسی عالمی دباؤ کی وجہ سے بعض اوقات تبدیل بھی ہوجاتی ہے۔

یورپی یونین نے وارننگ دی ہے اس وقت جی ایس پی پلس اسٹیٹس کو خطرہ نہیں، یورپی یونین نے وارننگ دی ہے اسی طرح چلتا رہا تو آگے اسٹیٹس متاثر ہوسکتا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ اس قسم کے بیانات آنے سے پاکستان کا امیج متاثر ہوتا ہے، دباؤ ڈالنا ہے تو گھر کے اندر سے ڈالنا چاہیے بیرون ملک سے نہیں، ہمیں اپنے مسائل خود حل کرنے ہیں دوسرے ممالک کے ذریعے نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں