اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح کو یوم ولادت پر زبر دست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا قائد اعظم نے ایک سیاسی جدو جہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا، ایک خوشحال اور انصاف پر مبنی قوم بننے کا ہمارا سفر ابھی جاری ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سماجی انصاف، معاشی مساوات اور قانون کی حکمرانی کیلئے کام کرنا ہے، ہمیں نوجوانوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے انہیں علم وہنر دینا ہوگا۔ معاشرے کے پسے طبقات کی بہتری کیلئے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے لوگ ناممکن سمجھتے تھے، قائداعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر یقین رکھتے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایسے پاکستان کا تصور دیا جہاں قانون کی حکمرانی ہو، قائداعظم کی میراث سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا فرض ہے قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کیلئے محنت کریں۔