وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مجرموں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی جن لوگوں کا ملٹری ٹرائل ہوا ان کے خلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی ملٹری کورٹس کے فضائل بیان کرتے رہے آج ملٹری کورٹس کا معاملہ متنازع بنانے اور سیاست کی کوشش کی جارہی ہے ملٹری کورٹ کے فیصلے کے بعد بیرون ملک بھی لابنگ کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ہے جتنے بھی ملٹری ٹرائل ہوئے ہیں وہ تمام قانون کے مطابق ہوئے ہیں، ملٹری کورٹس کے فیصلے پر اپیل کا حق موجود ہے تو وہاں پر اپیل کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ملک کیخلاف بیانیہ بنایا جا رہا ہے تحریک انتشار نے ملٹری کورٹس کے معاملے کو متنازع بنانے اور سیاست کی کوشش کی، ملٹری کورٹس میں کسی کا ٹرائل اسوقت ہوتاہےجب دفاعی ادارے پر حملہ ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی ٹرین یاریلوےاسٹیشن پر جرم ہو تو ایف آئی آر ریلوے پولیس درج کرتی ہے فوجی اداروں یا ان کے ماتحت جگہ پر حملہ کیاجائےتو اطلاق آرمی ایکٹ کےتحت ہوتا ہے۔