کسی بھی ملازمت کو چھوڑنے کے بہت سے طریقے ہوسکتے ہیں، لیکن نوکری سے نکالا جانا وہ اقدام ہے جسے کوئی ملازم پسند نہیں کرتا۔
تاہم بعض اوقات برطرفی اچانک بھی ہو سکتی ہے اور کبھی کبھار ایسی نشانیاں یا علامات بھی مل سکتی ہیں جو اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہیں کہ آپ کی ملازمت ختم ہونے والی ہے۔
زیرنظر مضمون میں ہم ان وجوہات پر بات کریں گے جن کی وجہ سے ملازمین کو نکالا جاتا ہے۔ اور اس بات پر روشنی ڈالیں گے کہ ان علامات کو کیسے پہچانا جاسکتا ہے جو اس بات کو ظاہر کریں کہ آپ کو نوکری کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسی بہت سی علامات ہوتی ہیں جن سے یہ اندازہ بخوبی ہوجاتا ہے کہ آپ کو ملازمت سے برطرف کیے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسی متعدد علامات میں سے کچھ بہت واضح اور مضبوط عندیہ دے رہی ہوتی ہے کہ آپ کی نوکری خطرے میں ہے۔
اگر آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ کا آجر آپ کو برطرف کرنے کا سوچ رہا ہے تو مندرجہ ذیل سطور میں کچھ ایسی نشانیاں بیان کی گئی ہیں جن پر آپ کو لازمی دھیان دینا چاہیے۔
اگر آپ کو اپنے باس یا منیجر کی جانب سے رسمی انداز میں وارننگ ملنا شروع ہوجائیں تو یہ واضح اشارہ ہے کہ آپ کی ملازمت جانے والی ہے یا نکالے جانے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ برطرفی سے قبل آپ کو کئی بار زبانی تنبیہ دی جا چکی ہوتی ہے جس میں آپ کی خامیوں کی نشاندہی اور ان کو ٹھیک کرنے کی ہدایات بھی شامل ہوتی ہیں۔
اس کے اگلے مرحلے میں آپ کے کام سے متعلق تحریری طور پر منفی جملے یا متنبہ کیا جاتا ہے، اور پھر بھی کارکردگی بہتر نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ جو نتیجہ اخذ کرتی ہے یا کوئی سخت فیصلہ کرتی ہے تو تب تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔
ایسی صورت حال میں آپ کی نوکری مکمل طور پر خطرے کی زد میں آچکی ہوتی ہے باوجود اس کے کہ آپ اپنی سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ بھی کریں تب بھی زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ کوئی اور ملازمت تلاش کرنے کی کوشش کی جائے۔