لاہور : پنجاب میں دھند کے باعث لاہور موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے، موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ اپنی گاڑیوں میں فوگ ہیڈلائٹس کا استعمال کریں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک۔ ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور ایم فائیو کو ملتان سے روہڑی تک دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ساہیوال ، میاں چنوں ، چیچہ وطنی ،خانیوال ،ملتان، لودھراں ،بہاولپور، احمد پور شرقیہ ،رحیم یار خان، صادق آ باد سمیت دیگر قومی شاہراہوں پر شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دُھند کے موسم میں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
موٹر وے پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر کرنے سے بچیں اور موجودہ موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی قسم کی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں فوگ ہیڈلائٹس کا استعمال کریں اور محدود فاصلے تک سفر کریں تاکہ اپنی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔