پیر, فروری 24, 2025
اشتہار

سال 2024 : اے آئی کی دنیا میں کیا ہوا؟ نیا سال کیا تبدیلی لے کر آئے گا؟

اشتہار

حیرت انگیز

مصنوعی ذہانت ( آرٹیفیشل انٹیلی جینس ) یا مختصراً ا ے آئی ایک ایسی شاخ ہے جو کمپیوٹر سائنس اور مشینوں کے میدان میں انسانی ذہانت کے اصولوں کو نقل کرتی ہے۔

مصنوعی ذہانت میں ذہانت سے مراد مشینوں کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر فیصلہ کرنے یا اقدامات کرنے کی صلاحیت ہے۔

یہ ٹیکنالوجی مشینوں کو ایسی صلاحیت فراہم کرتی ہے کہ وہ انسانوں کی مانند سوچ سکیں، مسائل کا حل نکال سکیں اور فیصلہ کر سکیں۔

سال 2024ان سالوں میں شامل ہے جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی) نے خبروں کی دنیا پر اپنی چھاپ چھوڑ دی۔ مثبت، منفی، حیرت انگیز، اور شاید کچھ حد تک خوفزدہ کرنے والے پہلوؤں کے ساتھ یہ موضوع زیرِ بحث رہا۔

اب سوال یہ ہے کہ نئے آنے والے سال 2025 میں کون سی نئی تبدیلیاں پوری دنیا کو بدل ڈالیں گی؟

چیٹ جی پی ٹی کی کامیابیاں

سال 2024 چیٹ جی پی ٹی اور دیگر جدید زبان ماڈلز (لارج لینگویج ماڈلز) کے لیے بے حد اہم رہا۔ ان ماڈلز نے نہ صرف معلومات کا خلاصہ کرنے اور اپڈیٹڈ معلومات تک رسائی فراہم کرنے میں مہارت حاصل کی بلکہ روایتی سرچ انجنز جیسا کردار بھی نبھایا۔

اوپن اے آئی جو چیٹ جی پی ٹی کے پیچھے ہے، اس سال بھی اے آئی کے میدان میں سب سے نمایاں رہا۔

جی پی ٹی 4 او کی کامیابی اور تنازعہ

اوپن اے آئی نے 2024 میں جی پی ٹی 4 او ماڈل لانچ کیا جو انسانی آواز سے بہت مشابہت رکھنے والی آڈیو چیٹس کر سکتا ہے۔

یہاں تک کہ اس پر الزام لگایا گیا کہ اس کی آواز ہالی وڈ اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن سے بہت ملتی ہے، جس سے ایک تنازع کھڑا ہوگیا۔

اسی دوران کئی اہم ایگزیکٹوز نے کمپنی کو خیرباد کہا جن میں خاص طور پر اے آئی سیفٹی ٹیم کے سربراہان شامل تھے۔

چیف سائنٹسٹ ایلیا سوٹسکوا نے تو اپنی الگ اے آئی سیفٹی پر مبنی اسٹارٹ اپ بھی شروع کر دی۔ ان تبدیلیوں نے اس بحث کو جنم دیا کہ آیا اوپن اے آئی ضرورت سے زیادہ تیز رفتاری میں آگے بڑھ رہا ہے اور ممکنہ طور پر غیر محفوظ اے آئی تیار کر رہا ہے۔

اے آئی کا مستقبل

اوپن اے آئی نے 2025 میں مزید جدید ماڈلز لانچ کرنے اور اے جی آئی (آرٹیفیشل جنرل انٹیلی جینس) کے خواب کی طرف پیش رفت کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے لیکن اس کے ساتھ یہ سوالات بھی باقی ہیں کہ کیا یہ ماڈلز محفوظ ہیں اور کیا یہ کمپنی اپنے منافع اور اخلاقیات کے درمیان توازن رکھ پائے گی؟

سیری اور الیگزا کی ترقی

چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں ایپل اور امازون کے ذاتی معاون اے آئی سیری اور الیگزا پیچھے دکھائی دیے۔

امازون الیگزا 2024 میں الیگزا کو زیادہ جدید اور کارآمد بنانے کی کوشش کی گئی، لیکن اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوئی۔

ایپل سیری : ایپل نے اپنی اے آئی ٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دی اور اپنے آلات میں اے آئی کو بہتر انداز میں شامل کیا۔ تاہم، یہ اعتماد ہے کہ 2025 تک ایپل اپنی مزید مضبوط اے آئی صلاحیتوں کے ساتھ میدان میں اُترے گا۔

اے آئی اور روزگار کا مسئلہ

2024میں یہ سوال شدت اختیار کر گیا کہ "کیا اے آئی ہماری نوکریاں چھین لے گا؟”

نئے اے آئی ایجنٹ ٹولز، جو خودمختار طریقے سے مختلف کام انجام دے سکتے ہیں، نے بعض دفتری امور کے لیے حقیقی خطرہ پیدا کر دیا۔ لیکن بڑی کمپنیاں جیسے گوگل، آئی بی ایم، اور مائیکرو سافٹ نے یہ مؤقف اپنایا کہ اے آئی انسانوں کے لیے اضافی مہارتیں پیدا کرے گا اور انہیں زیادہ مؤثر بنائے گا، نہ کہ ان کی جگہ لے گا۔

سال2025 سے توقعات

آنے والے نئے سال میں زیادہ جدید ماڈلز، اے آئی ٹیکنالوجی میں غیر معمولی ترقی، اور اس سے جڑی سماجی اور اخلاقی بحثوں کے بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اے آئی کے کام کرنے کے انداز اور ہماری زندگیوں میں اس کے کردار میں بڑی تبدیلیاں آئیں۔

اے آئی کا عالمی لیبر مارکیٹ پر اثر

سال کے آغاز میں ایک رپورٹ جسے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے جاری کی ہے، اس بات کا اشارہ کرتی ہے کہ مصنوعی ذہانت عالمی منڈی کو پہلے ہی شکل دینا شروع کرچکی ہے۔

ترقی یافتہ معیشتوں جیسے کہ امریکہ میں، اے آئی کارکنوں کی کارکردگی میں اضافہ کرے گا، لیکن رپورٹ نے خبردار کیا کہ مجموعی طور پر تقریباً 40 فیصد نوکریاں اے آئی سے متاثر ہوں گی اور کچھ ملازمین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

جون میں سٹی بینک کی ایک تحقیق نے تخمینہ لگایا کہ تقریباً نصف فنانس جابز اے آئی آٹومیشن کے لیے موزوں ہیں۔ اس نقطۂ نظر کی تائید ارب پتی پیٹر تھیئل نے بھی کی، جنہوں نے کہا کہ اے آئی فوری طور پر زیادہ نوکریاں نہیں لے گا لیکن ریاضی پر مبنی شعبے سب سے پہلے متاثر ہوسکتے ہیں۔

معلوماتی دھوکہ دہی اور غلط استعمال

2024میں اے آئی ٹیکنالوجی کن خدشات کے باعث متنازعہ بنی

امریکی انتخابات میں مداخلت : انتخابی سال میں غلط معلومات کا پھیلاؤ خاص طور پر خطرناک رہا، ایک آڈیو ڈیپ فیک، جس میں صدر بائیڈن کی جعلی بیان بازی شامل تھی، نیو ہیمپشائر کے ووٹرز تک پہنچی۔

مالیاتی جرم : ہانگ کانگ کی ایک کمپنی پر 25 ملین ڈالرکا اے آئی بیسڈ مالیاتی فراڈ ایک حیران کن واقعہ تھا۔

اے آئی ماڈلز کی غیر متوقع حرکتیں

سال 2024کے دوران مائیکرو سافٹ کے کاپیلوٹ اور گوگل کے جیمینی جیسے اے آئی ماڈلز نے بعض اوقات غیر متوقع اور خطرناک رویے ظاہر کیے، جیسے کہ صارفین کو دھمکانا۔ ایسے واقعات، گو کہ نایاب ہیں، لیکن انہوں نے یاد دلایا کہ اے آئی اب بھی قابلِ بھروسہ نہیں ہے۔

تخلیقی حقوق اور اے آئی کی تربیت

اے آئی ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے دوسرے اداروں کے مواد کو استعمال کرنے پر بڑے اے آئی فراہم کنندگان جیسے گوگل اور ایپل پر مقدمات دائر کیے گئے۔ یہ مسئلہ 2025 میں بھی شدت اختیار کر سکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب اے آئی زیادہ ڈیٹا کے لیے طلب بڑھاتا جارہا ہے۔

اے آئی کی ریگولیشن پرعالمی ردعمل

سال2024میں اے آئی کی بڑھتی ہوئی طاقت کے ساتھ دنیا بھر میں اس پر ضابطہ بنانے کی بحث زور پکڑ گئی۔

یورپی یونین کا کردار : یورپی یونین نے ایک سخت قانون نافذ کیا جس کا مقصد اے آئی کو اخلاقی، شفاف، اور انسانی حقوق کا احترام کرنے والا بنانا تھا۔

امریکہ میں بے اطمینانی : عوامی جائزوں میں زیادہ تر امریکی اے آئی کی خطرات پر ضابطہ بندی کے حق میں تھے، لیکن موجودہ قوانین کو ناکافی سمجھتے تھے۔

مستقبل کی پیشگوئیاں

2024 میں اے آئی کی ترقی کا مرکز چیٹ بوٹس اور تخلیقی ماڈلز رہے۔ 2025 میں اے آئی ٹیکنالوجی کے زیادہ موثر اور تخلیقی استعمال پر زور دیا جائے گا، جیسے کہ ایجنٹ اے آئی اور منطقی "ریزننگ” ماڈلز جو مشکل مسائل کے مرحلہ وار حل میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ نظام محفوظ ہوں گے؟ یہ سوال مستقبل میں بھی ایک بڑا چیلنج بنا رہے گا اور اے آئی کی دنیا مزید حیرت انگیز، پیچیدہ، اور متنازعہ ہوتی چلی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں