اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

ایک ہفتے میں طیاروں کے 4 ہولناک حادثات نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کرسمس کے دن سے ایک ہفتے میں طیاروں کے 4 ہولناک حادثات نے دنیا کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جن میں 217 افراد لقمہ اجل بنے، اور حادثات کی فوٹیجز نے لوگوں کے دل دہلائے۔

جیجو ایئر کا سانحہ ایک ہفتے کے اندر 4 فضائی حادثات کی سیریز میں تازہ ترین ہے، اگر 2024 کے آخری 5 دنوں میں ہزاروں لوگوں نے کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے لیے سفر کیا، تو دوسری طرف دنیا نے ہوائی جہاز کے چار ایسے خطرناک حادثات دیکھے، جنھوں نے اس نازک شعبے میں حفاظت کے بارے میں خدشات پیدا کر دیے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فضائی حادثات کی خبروں اور ویڈیوز سے بھرے پڑے ہیں، جو کینیڈا، ناروے، آذربائیجان اور جنوبی کوریا میں پیش آئے۔

- Advertisement -

1. آذربائیجان کا طیارہ حادثہ

عین کرسمس کے دن آذربائیجان ایئر لائن کا مسافر طیارہ جس میں 67 افراد سوار تھے، مغربی قازقستان میں اپنے طے شدہ راستے سے ہٹنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔

پرواز J2-8243 جنوبی روس سے رخ موڑنے کے بعد قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب آگ کا گولہ بن کر تباہ ہو گیا، اس حادثے میں کم از کم 38 افراد ہلاک جب کہ 29 زندہ بچ گئے۔ یہ طیارہ کیسپین کے مغربی ساحل پر واقع آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے جنوبی روس میں چیچنیا کے شہر گروزنی کے لیے پرواز کر رہا تھا۔

ہفتے کے روز، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی فضائی حدود میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے کے لیے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے معافی مانگی۔ علیئیف نے اتوار کو کہا کہ روس میں کچھ لوگوں نے تباہی کی وجہ کے بارے میں جھوٹ بولا تھا۔ تاہم کریملن کے بیان میں یہ نہیں کہا گیا کہ روس نے طیارہ مار گرایا ہے۔

ویڈیو: جنوبی کوریا کے اعلیٰ افسران نے جہاز حادثے پر سر جھکا کر معافی مانگ لی

علیئیف نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا ’’ہمارا طیارہ حادثاتی طور پر مار گرایا گیا، طیارہ کسی قسم کے الیکٹرانک جیمنگ کی زد میں آ گیا تھا اور پھر وہ اس وقت نشانہ بنا جب وہ جنوبی روس کے شہر گروزنی کے قریب پہنچ رہا تھا۔ علیئیف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ روس تسلیم کرے کہ وہ طیارہ گرانے کا قصوروار ہے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔

2. جیجو ایئر سانحہ

جنوبی کوریا کی سرزمین پر اب تک کے بدترین فضائی حادثے میں ایک جیجو ایئر طیارہ، جس میں 181 مسافر سوار تھے، اتوار کی صبح 9 بجے کے فوراً بعد ملک کے جنوب میں ایک ہوائی اڈے پر لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 179 ہلاک اور صرف 2 زندہ بچ گئے جو عملے کے ارکان تھے۔

مقامی میڈیا کی شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ جڑواں انجن والا دیوار سے ٹکرانے سے پہلے بغیر کسی ظاہری لینڈنگ گیئر کے رن وے سے نیچے پھسل رہا تھا، جو دیوار سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹا اور آگ کا ایک گولہ بن گیا۔

جنوبی کوریا نے حادثے کے بعد 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جب کہ جیجو ایئر کے سی ای او کو اس واقعے کے لیے دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتے ہوئے دیکھا گیا۔

3. کینیڈا میں ہوائی جہاز میں آگ

28 دسمبر کو کینیڈا میں بھی ہوائی جہاز کا حادثہ پیش آیا، آن لائن شیئر کی گئی ایک وائرل ویڈیو میں فلائٹ میں آگ لگنے کی فوٹیج دکھائی گئی ہے، تقریباً رات 9.30 بجے، پال ایئر لائنز کی طرف سے چلائی جانے والی ایئر کینیڈا ایکسپریس فلائٹ 2259، سینٹ جانز سے ہیلی فیکس پہنچنے پر حادثے کا شکار ہوئی۔

جہاز میں سوار تمام مسافروں اور عملے کو بروقت نکال کر ایئر فیلڈ سے باہر لے جایا گیا، مقامی میڈیا کے مطابق، کوئی ہلاکتیں ریکارڈ نہیں ہوئیں۔

4. اوسلو میں ڈچ طیارے کو حادثہ

ہفتے ہی کو یعنی 28 دسمبر کو ناروے میں بھی ایک مسافر طیارے کو ٹیک آف کے فوراً بعد اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی جب اس کا ہائیڈرولک سسٹم فیل ہو گیا، تاہم مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا۔

ڈچ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز کے مسافر طیارے میں موجود 176 مسافر اور 6 عملے کے اراکین محفوظ رہے۔ یہ طیارہ اوسلو سے ایمسٹرڈیم جا رہا تھا لیکن اڑان بھرتے ہی اس میں زبردست شور ہونے لگا، جس پر اسے سینڈیفجورڈ ایئرپورٹ کی طرف موڑنا پڑا۔ لینڈنگ کرتے ہی رائل ڈچ ایئرلائن کا بوئنگ 737 رن وے سے پھسل کر گھاس کے قطعے پر چلا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں