ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے دھرنے ختم کروانے کا کوئی حکم نہیں دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان کراچی پولیس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس چیف کا بیان دھرنوں کے خاتمے سے منسلک کرنا غلط فہمی کا شاخسانہ ہے بلکہ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ دھرنوں کو اس طرح کیا جائے کہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ ہو۔
اب سے کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ کراچی میں دھرنے دینے والوں سے بات ہوگئی ہے، آج مغرب سے پہلے دھرنے ختم کردئیے جائیں گے، جو نہیں ہٹے گا اسے قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا تھا کہ دھرنے والوں نے آمادگی کا اظہار کیا ہے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، دھرنوں کے حوالے سے افسران کو ہدایات دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ پاراچنار واقعے پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی کے مختلف مقامات پر پانچ روز سے دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہری رُل گئے ہیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
نمائش چورنگی کے دونوں ٹریک تاحال ٹریفک کے لیے مکمل بند ہیں، عائشہ منزل پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، پرفیوم چوک سے جوہر موڑ جانے والا ٹریک احتجاج کے باعث بند ہے، کامران چورنگی سے جوہر جانے والا ٹریک بھی بند کردیا گیا ہے۔
یونیورسٹی روڈ سفاری پارک پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، گرومندر ایم اے جناح روڈ اور مزار قائد کے اطراف ٹریفک جام ہے، لیاقت علی خان چوک اور اطراف میں بھی بدترین ٹریفک جام ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے چلایا جارہا ہے۔