کراچی: مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا ہے کہ پارا چنار میں دھرنے تک کراچی میں دھرنا جاری رہے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نمائش چورنگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ کراچی پولیس چیف کا وضاحتی بیان خوش آئند ہے، وضاحتی بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پارا چنار میں دھرنے تک کراچی میں دھرنا جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں دھرنا نہیں مگر ٹریفک جام رہتا ہے، ہمارے دھرنوں کو ٹریفک سے منسوب نہ کریں، کراچی میں ٹریفک کا نظام پہلے سے ہی درہم برہم ہے۔
علامہ حسن ظفر نے کہا کہ آپ جب بھی مسئلہ حل کریں گے ہم دھرنے ختم کردیں گے، شہر میں کسی بھی دھرنے پر سختی ہوئی تو ذمہ دار حکومت ہوگی، ملک گیر احتجاج پارا چنار کا راستہ کھلوانے، زندگی معمول پر لانے کے لیے کیا گیا ہے، عوام کی نظریں پارا چنار میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی اداروں پر ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ دھرنے کے شرکا سے اپیل ہے پرامن رہیں، جن شاہراہوں پر بیٹھے ہیں ایک حصہ عوام کے لیے کھولے رکھیں، احتجاج میں سرکاری عمارتوں اور عوامی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا، ملک میں مشکلات دھرنوں سے نہیں حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں سے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے علامہ حسن ظفر نے کہا کہ ناصر عباس پر تنقید سے پہلے شہباز شریف کو باور کروائیں وہ وزیراعظم ہیں، کیا شہباز شریف کو پارا چنار کا جغرافیہ نہیں معلوم؟ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کیا صرف پنجاب کی حکومت ہے؟ عوام کے جان و مال کا تحفظ وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔