کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کے اداروں سے پانی کے چارجز کی مد میں 20 ارب روپے کے واجبات مانگ لیے۔
سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت سے اٹھایا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات اور سی ای او واٹر بورڈ کو متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کی ہدایت کی۔
وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے متعلقہ حکام کو 21 جنوری کو پی اے سی میں طلب کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاق اور سندھ کے درمیان پانی کا مسئلہ حساس ہے اسے حل کیا جائے: قمر زمان کائرہ
چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کہ پانی کے چارجز کی مد میں صرف اسٹیل ملز پر سندھ کے 10 ارب روپے کے واجبات ہیں، سندھ نے وفاقی اداروں کو پانی کی سہولت فراہم کی ہے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت واجبات کی ادائیگی سے محروم رکھ کر سندھ کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے۔
چند روز قبل سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ گن پوائنٹ پر سندھ کا پانی نہیں دیں گے، وفاق اور صوبوں کو مل بیٹھ کر اس پر بات کرنی چاہیے۔
آغا سراج درانی نے کہا تھا کہ پانی کے معاملے پر وفاق اور صوبوں کو مل بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کرنا چاہیے، پانی کے معاملے پر سندھ کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک 95 فیصد زراعت سے چلتا ہے، خود زمین دار ہوں، فصل نہیں ہوگی تو کہاں سے کھاؤں گا؟