صادق آباد: اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو میر حسن عرف بگا مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقے ماچھکہ میں رحیم یار خان پولیس سے مقابلے میں اندھڑ گینگ کا ایک ڈاکو ہلاک جب کہ دیگر فرار ہو گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت اندھڑ گینگ کے میر حسن عرف بگا کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ سب انسپکٹر محمد رمضان سمیت 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں مطلوب تھا۔
ہلاک ڈاکو اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں بھی مطلوب تھا، میر حسن عرف بگا سے کلاشنکوف اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ڈاکو مارا گیا، حملے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے، تاہم ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ کچے کے ڈاکو سندھ اور جنوبی پنجاب کی دریائی پٹی میں سرگرم مجرم گروہ ہیں، جو اغوا، بھتہ خوری اور قتل سمیت اپنی پرتشدد سرگرمیوں کے لیے مشہور ہیں۔
کچے کے ڈاکو اپنے وحشیانہ ہتھکنڈوں کے لیے بدنام ہیں، وہ شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کرتے ہیں، جسمانی تشدد کی ویڈیوز بناتے ہیں اور لاکھوں روپے تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں، اور تاوان کی عدم ادائیگی پر یرغمالیوں کو بے دردی سے قتل کر دیتے ہیں۔