کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ہے، آگ نے لاس اینجلس کے رہائشی علاقوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ کے حوالے سے فائر فائٹرز کا کہنا ہے کہ تین گھنٹوں میں آگ 600 ایکڑ تک پھیل گئی، اور کل رات سے لگی آگ 2000 ایکڑ کو جلا چکی ہے۔
آگ سے لاس اینجلس کے مختلف علاقوں میں مکانات اور اسکول جل گئے ہیں، لاس اینجلس کے علاقے پیلی سیڈ میں ہالی ووڈ اداکاروں کے گھر بھی خاکستر ہو گئے ہیں، اداکار جیمز ووڈ نے اپنے گھر جلنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی، لاس اینجلس میں فلم پریمئیر سمیت ایوارڈز کی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی۔
10,000 سے زیادہ گھروں سے 30,000 سے زیادہ افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی ہے، اور فائر فائٹرز نے خبردار کیا ہے کہ ان کے پاس آگ سے نمٹنے کے لیے پانی اور دیگر سامان ختم ہو رہا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ پھیلتی جا رہی ہے۔
آگ نے جس علاقے کو لپیٹ میں لے رکھا ہے وہ تقریباً 24 مربع میل کا علاقہ اپنی پرائیویسی کی وجہ سے مشہور شخصیات میں مقبول ہے، اور وہاں رہنے والوں میں امریکی اداکار ٹام ہینکس، میٹ ڈیمن، امریکی گلوکارہ جنیفر لوپیز، اداکار کرس پیٹ، اور گلوکار ایڈم لیوائن، اداکارہ ریز وِدراسپون بھی شامل ہیں۔
جینیفر لوپیز اور بین ایفلیک نے اس علاقے میں 64 ملین ڈالر کی جائیداد خریدی تھی، چند برسوں میں انھوں نے اس شان دار حویلی میں زبردست اضافے کیے، تاہم اب جب کہ دونوں میں طلاق ہو رہی ہے تو اس حویلی کا مستقبل نامعلوم ہے کہ یہ اگر آگ سے بچ گئی تو کس کے حصے میں آئے گی۔
View this post on Instagram
جب آگ بڑھ گئی تو اداکار جیمز ووڈز کو بھی منگل کے روز اپنا گھر خالی کرنا پڑا، انھوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا گھر بھڑکتے شعلوں کی لپیٹ میں نظر آ رہا ہے۔
اسٹار وار کے لیجنڈ مارک ہیمل نے کہا کہ انھیں مالیبو سے ریسکیو کر کے نکالا گیا، انسٹاگرام پوسٹ میں انھوں نے کہا شام 7 بجے ہم نے مالیبو کو خالی کیا، اور آخری لمحات میں جب ہم سڑک پر پہنچے تو اس کے دونوں طرف آگ لگی ہوئی تھی، ہم وہاں سے اہلیہ ماریلو اور ان کے کتے ٹریکسی کے ساتھ ہالی ووڈ میں اپنی بیٹی چیلسی کے گھر گئے۔