راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی کو تحریری مطالبات دینے کی اجازت دے دی اور کہا اس بار ملاقات نہ ہوئی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات دینے کی اجازت دے دی ہے ، ان کی ہدایت پر مطالبات تحریری طور پر دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دونوں مطالبات تحریری طور پر دینے کی اجازت دی اور کہا مذاکرات کیلئے ایک اور نشست ہوناضروری ہے، اس بار ملاقات نہ ہوئی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔
ڈیل سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کسی ڈیل کیلئےنہیں ملک اور قوم کے لیے کررہے ہیں۔
خیال رہے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی اب تک عمران خان سے ملاقات نہ ہوسکی ،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ تیسری میٹنگ تب ہوگی جب بانی سے ملنے دیں گے جبکہ عمر ایوب نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ بانی سے آزادانہ ماحول میں ملاقات کرائی جائے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دوسری میٹنگ کے بعد واضح طور پر عمران خان سے ملاقات کی اہمیت کا بتایا گیا تھا، مذاکراتی ٹیم کے لیے بانی سے بغیرملاقات کوئی قدم اٹھانا ممکن نہیں ہے۔