جمعرات, جنوری 9, 2025
اشتہار

آپ مجھے آئندہ وائٹ بال سیریز میں دیکھیں گے، فخر زمان نے مداحوں کو خوشخبری سنادی

اشتہار

حیرت انگیز

قومی بیٹر فخر زمان نے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی آئندہ وائٹ بال سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

حالیہ انٹرویو میں پاکستان ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ میں نے سلیکٹرز، ہیڈ کوچ سے بات کی اور ہر کوئی چاہتا تھا کہ میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں کھیلوں، آپ مجھے پاکستان کی آئندہ وائٹ بال سیریز میں دیکھیں گے۔

جارح مزاج بیٹر کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ایکشن میں نظر آنے کیلئے 100 فیصد پُرامید ہوں، پوری توجہ چیمپئنز ٹرافی پر تھی، اسی لیے آسٹریلیا اورجنوبی افریقا میں نہیں کھیلا۔

- Advertisement -

فخرزمان نے کہا کہ فی الحال توجہ صرف مکمل فٹ ہونے اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے خود کو قومی ٹیم کے لیے دستیاب بنانے پر مرکوز ہے۔

مایہ ناز بلے باز کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بیماری اور فٹنس مسائل سے دوچار ہوا، اسی وجہ سے قومی ٹیم میں شامل نہ ہوسکا لیکن اب 100 فیصد ٹھیک ہوگیا ہوں۔

ایک اور جارح مزاج نوجوان اوپنر صائم ایوب کی تعریف کرتے ہوئے فخر نے کہا کہ انھوں 9 اننگز میں 3 سنچریاں اور ایک ففٹی بنائی، صائم ایوب نے اپنے ون ڈے کیریئر کا شانداز آغاز کیا ہے۔

فخرزمان نے کہا کہ امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے، صائم اتنا زبردست کھلاڑی ہے کہ اگر وہ اگلے چار پانچ سال تک کھیلتا رہا تو وہ دنیا کے ٹاپ 3 پلیئرز میں شامل ہوگا۔

قومی بیٹر نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کے تین بہترین کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان اور صائم ایوب ہیں، اس لیے کبھی کبھی میں ٹیم میں شامل ہونا اپنی خوش قسمتی سمجھتا ہوں۔

خیال رہے کہ لیفٹ ہینڈ بیٹر جو اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں وہ جون 2024 میں ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں، وہ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران آخری بار ایک روزہ میچز کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں