اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کے دوران کیمرے اور سننے والے آلات نصب ہوتے ہیں۔
عمر ایوب نے عمران خان سے بغیر نگرانی ملاقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلیے محفوظ اور نجی ماحول فراہم کیا جائے، ہماری ان سے موجودہ ملاقاتیں ایک محدود جگہ میں ہو رہی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایسی ملاقاتیں بات چیت کی رازداری اور سالمیت کو متاثر کرتی ہیں، نگرانی میں عمران خان سے ملاقاتوں کی صورتحال ناقابل قبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’مذاکراتی ٹیم کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی‘
انہوں نے مزید کہا کہ نگرانی آزادانہ اور مؤثر انداز میں بات چیت کو کمزور کرتی ہے، عمران خان سے ایسی جگہ ملاقاتیں کرائیں جہاں نگرانی کا خوف نہ ہو اور پرائیویسی ہو۔
گزشتہ روز سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہماری مذاکراتی ٹیم کو کئی دن گزرنے کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ دوسری میٹنگ کے بعد واضح طور پر عمران خان سے ملاقات کی اہمیت کا بتایا گیا تھا، مذاکراتی ٹیم کیلیے بانی پی ٹی آئی سے بغیر ملاقات کوئی قدم اٹھانا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بار بار اسپیکر آفس سے رابطہ کرنے کے باوجود مثبت جواب نہیں مل رہا، اس سے حکومت کی سنجیدگی اور اختیار کا اندازہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسری نشست سے قبل بانی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو مذاکرات کا فائدہ نہیں ہوگا، بانی سے ملاقات حق ہے ہمیں رسائی چاہیے۔