کراچی: اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کھلے مین ہولز کے معاملے پر بڑا اقدام اٹھا لیا۔
مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جہاں بھی مین ہول کا ڈھکن غائب ہو بس ہمیں بتائیں۔ انہوں نے شکایت کیلیے 1334 ہیلپ لائن فعال کر دی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر کارپوریشن شہریوں کا مسئلہ فوری حل کرے گا، جہاں مین ہول کھلا ہو 1334 پر کال کریں اور فوری حل پائیں۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ مین ہولز کیلیے جتنے ڈھکن درکار ہوں گے ہم دیں گے، گزشتہ سال مختلف علاقوں میں 71 ہزار مین ہول کے ڈھکن لگائے گئے۔
’شہریوں کو اب انتظار کرنے کی ضرورت نہیں 1334 پر کال کریں۔ شہریوں کی زندگی بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔‘
اتوار کے روز شاہ فیصل کالونی میں کمسن بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگانے کا کام شروع کیا تھا لیکن مختلف مقامات پر کئی سال سے ڈھکن نہیں تھے۔
حادثے میں دو بچے گٹر میں گرے تھے جس میں سے ایک کو فوری طور پر بچا لیا گیا تھا تاہم دوسرے کی لاش چار گھنٹے بعد کورنگی ندی سے نکالی گئی تھی۔
چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہرعلی خٹک نے کہا تھا کہ گٹر کے ڈھکن لگانا ہماری ذمہ داری نہیں واٹر بورڈ ذمہ دار ہے، دو سال میں گٹر کا ایک ڈھکن نہیں دیا گیا۔
دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے کئی موقع پر ترقیاتی کاموں کے ساتھ گٹر کے ڈھکن بنانے اور انہیں شفاف طریقے سے یو سی پہنچانے کے دعوے کیے گئے تھے۔
ان کا دعوی تھا کہ انہوں نے گٹر کے ڈھکن بنانے کا پلانٹ لگا کر فی ڈھکن آٹھ سو سے نو سو روپے بچائے ہیں۔