ممبئی: بھارت میں فنکاروں کو نامعلوم افراد کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا، آج ایک اور اداکارہ کو اپنی اور فیملی کی جان کا خطرہ لاحق ہوگیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ ندھی اگروال نے حیدر آباد میں سائبر کرائم پولیس سے رابطہ کیا اور شکایت کی کہ ایک نامعلوم شخص انہیں ہراساں کر رہا ہے۔
اپنی شکایت میں ندھی اگروال نے کہا کہ ملزم نے انہیں اور فیملی کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکی دی، ہراساں کرنے والا بار بار انسٹاگرام پر فحش پیغامات بھیج رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نامور بھارتی اداکارہ کو بھی قتل کی دھمکی موصول
ندھی اگروال نے اپنی شکایت میں کہا کہ وہ اور ان کا خاندان آن لائن دھمکیوں کی وجہ سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہیں، پولیس ملزم کی شناخت کرے اور قانونی کارروائی کرے۔
ادھر، حیدر آباد پولیس نے اداکارہ کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ندھی اگروال اس وقت دو پروجیکٹوں میں مصروف ہیں۔ وہ پون کلیان کے ساتھ ایکشن فلم ’ہری ہرا ویرمالو‘ میں جلوہ گر ہوں گی جس کی شوٹنگ وجئے واڑہ میں ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ وہ ساؤتھ انڈین اسٹار پربھاس کے ساتھ رومانوی کامیڈی فلم ’راجہ صاحب‘ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
’ہری ہرا ویرمالو‘ کی ہدایت کاری جیوتی کرشنا اور کرش جاگرلاموڈی نے کی ہے جبکہ ’راجہ صاحب‘ کے ہدایت کار ماروتھی ہیں۔
پون کلیان اسٹارر فلم مارچ میں سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے جبکہ ’راجہ صاحب‘سال کے آخر میں تھیٹر میں ریلیز ہوگی۔