پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا اپنی شادی نہ ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے روہانسی ہوگئیں۔
اداکارہ میرا ایک بار پھر اپنی شادی سے متعلق بیان دینے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک نجی نیوز چینل سے اس متعلق بات کی۔
رپورٹر نے اداکارہ نیلم منیر کی شادی کا حوالہ دے کر جب ان سے شادی کے بارے میں پوچھا تو وہ دکھی نظر آئیں۔
میرا نے جواب دیا کہ اس وقت میں بہت اداس ہوں، یہ بہت پریشان کن ہے کہ ابھی تک میری شادی نہیں ہوئی، لگتا ہے کہ کوئی مجھ سے محبت نہیں کرتا اور نہ شادی نہیں کرنا چاہتا۔
یہ بتاتے ہوئے وہ روہانسی ہوگئیں اور کرسی سے اٹھ کر چلی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: پریاں دکھتی ہیں، اداکارہ میرا کا تہلکہ خیز دعویٰ
انٹرویو کا مختصر کلپ جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل آیا۔ کچھ نے رپورٹر کے سوال پر اعتراض اٹھایا جبکہ بہت سے ان کیلیے دعا کرتے ہوئے نظر آئے کہ ان کو جلد ہی شریک حیات مل جائے، تاہم کچھ صارفین نے تنقید کی انہوں نے صحیح وقت پر شادی کیوں نہیں کی۔
’اپنی مرضی سے اکیلے زندگی نہیں گزار رہی‘
گزشتہ سال اداکارہ میرا نے شادی کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے اکیلے زندگی نہیں گزار رہیں۔
ایک پوڈکاسٹ جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ آپ نے شادی کرنے کی کوشش کی تو اداکارہ نے جواب دیا تھا ’یہ بہت مشکل سوال ہے۔‘
ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا آپ کو کوئی سچا پیار کرنے والا نہیں ملا؟ تو انہوں نے جواب میں کہا تھا کہ ’ایسا نہیں، لیکن بہت ساری باتیں ہیں جو لوگوں کو معلوم ہی نہیں ہیں۔ لوگ میری حقیقی شخصیت کے بارے میں نہیں جانتے اور میں اس پر بات بھی نہیں کرنا چاہتی۔‘