اسلام آباد: پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت یا کوئی اور شخص مذاکرات سے متعلق بیان جاری کرنے کا مجاز نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن سے متعلق واضح ہدایات ہیں، کمیشن نہ بنے تو تیسری نشست کے بعد مزید کسی نشست میں شریک نہیں ہوں گے۔
کمیٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے مذاکرات سے متعلق صحیح پوزیشن بیان کی، مذاکراتی کمیٹی سربراہ ، ترجمان، کمیٹی اراکین کےعلاوہ کوئی پالیسی بیان جاری نہیں کرسکتا، پالیسی بیان سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت یا کوئی اور شخص مذاکرات سے متعلق بیان جاری کرنے کا مجاز نہیں، شیر افضل مروت کے بیان کو پالیسی اسٹیٹمنٹ نہ سمجھا جائے۔
حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہدا، زخمیوں اور لاپتا افراد سے متعلق کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے واضح کردوں کمیٹی کمیٹی کا کھیل نہیں کھیلا جائے گا۔