سکھر : جواں سالہ لڑکی کو سیاہ کاری کے مبینہ الزام میں قتل کر کے لاش کچے کے بند کے قریب پھینک دی گئی، شوہر اور بھائیوں نے مل کر لڑکی کو قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں نوجوان لڑکی کو سیاہ کاری کے الزام میں قتل کردیا گیا، سائٹ تھانے کی حدود میں 23 سالہ عابدہ زوجہ رشید میرانی کو اس کے شوہر اور بھائیوں نے سیاہ کاری کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور بعدازاں لاش رنگ روڈ کے قریب کچے میں پھینک دی۔
پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر سائٹ تھانے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اسپتال منتقل کیا، لڑکی کی شناخت 23 سالہ عابده زوجہ رشید ميراني کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزمان نے لڑکی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا ہے اور ملزمان پیرزادہ باغ کے رہائشی ہیں اور واقعے کے بعد گھر خالی کر کے فرار ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے والد عبدالستار میرانی لاش وصول کرنے کے لیے اسپتال پہنچ چکے ہیں تاہم لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل ہے۔