جمعہ, جنوری 10, 2025
اشتہار

اب کراچی میں جو ہیوی ٹریفک چلائے گا اس کا لائسنس بھی یہاں کا ہونا چاہیے، گورنر سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اب کراچی میں جو ہیوی ٹریفک چلائے گا اس کا لائسنس بھی کراچی کا ہونا چاہیے۔

گورنر سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج بھی ٹریفک حادثے میں ڈمپر نے شہریوں کو کچل دیا، شہر میں 2 ماہ سے تواتر کے ساتھ یہ حادثات ہو رہے ہیں، پہلے بھی آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے بات کی تھی اب ان کو اور ڈی آئی جی ٹریفک کو خط لکھ رہا ہوں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں دوسرے صوبے سے آ کر ہیوی ٹریفک چلاتے ہیں، دوسرے صوبے کے ڈرائیورز کو کراچی ٹریفک کی الف ب نہیں پتا، یہ ہائی ویز کے ڈرائیور ہیں بعض نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہیں۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: کراچی : تیز رفتار کار کی ٹکر سے گرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو ٹینکر نے کچل ڈالا

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ٹریفک سختی کریں، جس کے پاس کراچی کا لائسنس نہ ہو وہ سڑک پر نہ آ سکے، افسوسناک ہے کہ صرف کراچی میں ایسے واقعات ہو رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے کراچی والوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، جب چاہے خونی ڈمپر کسی کو بھی کچل دیتا ہے، ڈمپروں کے سڑک پر آنے کی ٹائمنگ پر بھی عملدرآمد سخت کیا جائے۔

اپنے بیان میں گورنر سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جن حالات میں معیشت چھوڑ کر گئی تھی سب کو معلوم ہے، اس کے دور میں ایسا لگ رہا تھا جیسے ملک دیوالیہ ہو جائے گا، پی ڈی ایم کی حکومت آئی اس نے معشیت کو سنبھالا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ملک کی سرحدوں کے ساتھ معیشت کی حفاظت بھی کر رہے ہیں جس کی بہترین مثال آئی سی ایف سی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں پی آئی اے کہیں بیرون ملک سفر نہیں کر سکتی تھی، اب وزیر اعظم شہباز شریف کی محنت کے باعث مختلف روٹس کھل گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں