ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کی شوٹنگ کے دوران نامور ساؤتھ انڈین اداکارہ رشمیکا مندانا زخمی ہوگئیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رشمیکا مندانا اس وقت سلمان خان کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ’سکندر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم وہ آج جم میں زخمی ہوگئیں۔
اداکارہ کے زخمی ہونے کے فوراً بعد سیٹ پر فلم کی شوٹنگ روک دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: جب بیمار ہوئی تو سلمان خان نے میرا خیال رکھا، رشمیکا مندانا
اب تک معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں کہاں اور کس نوعیت کی چوٹ آئی ہے تاہم ان سے منسلک ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اب خیریت سے ہیں، انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ رشمیکا مندانا کو حال ہی میں جم میں چوٹ آئی اور وہ اب آرام کر رہی ہیں، وہ جلد ہی سیٹ پر لوٹیں گی۔
بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2‘ کی اداکارہ کو ڈاکٹروں نے مشورہ دیا کہ وہ شوٹنگ کے شیڈول میں واپس آنے سے پہلے ٹھیک سے آرام کریں اور کچھ دنوں کا وقفہ لیں۔
سلمان خان اور رشمیکا مندانا کی فلم ’سکندر‘ کے ہدایت کار اے آر مروگادوس ہیں اور ساجد ناڈیاڈوالا پروڈیوسر ہیں۔ فلم میں کاجل اگروال، ستیہ راج، شرمن جوشی اور پرتیک ببر بھی ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان تقریباً ایک دہائی بعد ساجد ناڈیاڈوالا کے ساتھ دوبارہ کام کر رہے ہیں۔ ’سکندر‘ کو اس سال عید کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔