قسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں قید زیادہ تر اسرائیلی یرغمالی ’اب لاپتہ‘ ہیں۔
حماس کے مسلح ونگ کے ایک سرکردہ ذرائع نے الجزیرہ عربی سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی کی وجہ سے شمالی غزہ میں قید زیادہ تر اسرائیلی اسیران "اب لاپتہ ہیں”۔
ذرائع نے مزید کہا کہ قسام بریگیڈز نے "اس نتیجے تک پہنچنے کے خلاف بار بار خبردار کیا تھا” اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج پر تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ [قسام بریگیڈز] ایک بار پھر دشمن کی حکومت اور اس کی فوج کو اپنے قیدیوں کی زندگیوں اور قسمت کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
واضح رہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں یرغمالی بنائے گئے افراد کو نہ چھوڑنے پر خطرناک نتائج کی دھمکی کو ایک بار پھر دہرایا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی ریڈیو ٹاک شو میں اپنے پہلے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہے میرے اقتدار سنبھالنے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نو منتخب صدر نے کہا کہ میں تفصیلات میں جانے پریقین نہیں رکھتا، میرا ردعمل دشمن کو صرف ”نہیں کرو” کہنے پر مشتمل نہیں ہوگا جیسا کہ صدر بائیڈن غزہ جنگ کے آغاز سے کر رہے ہیں۔
نو منتخب امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں اسرائیل کے ساتھ ہوں لیکن امن کے ساتھ بھی ہوں۔