راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے شیر افضل مروت کی جانب سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے خلاف دیئے حالیہ ریمارکس پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کیخلاف شیر افضل مروت کے حالیہ ریمارکس پر بریمی کا اظہار کیا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے راجہ کی بطور سیکرٹری جنرل تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔
گوہر نے اس بات پر زور دیا کہ سلمان اکرم راجہ کی تقرری براہ راست عمران خان نے کی ہے، بانی کی ہدایات ہی پارٹی کا آئین ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں : شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان لفظی جنگ جاری
چیرمین تحریک انصاف نے واضح کیا کہ مذاکراتی اورسیاسی کمیٹی کے ارکان کےعلاوہ مذاکرات پر رائے ذاتی تصور ہوگی۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف میں اس وقت لفظوں کی جنگ چھڑ گئی جب پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "آف دی ریکارڈ” میں انٹرویو کے دوران حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کے حوالے سے شیر افضل کے بیان کی تردید کی۔
راجہ نے کہا تھا کہ وہ مروت کے تبصرے کو پی ٹی آئی کے سرکاری موقف کی نمائندگی کے لیے نہیں سمجھتے، پی ٹی آئی ایک بڑی جماعت ہے اور ہر فرد کا بیان پارٹی پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتا۔ خان اور پارٹی کی طرف سے بات کرنے کے لیے صرف چند منتخب افراد کو اختیار ہے، جن میں وہ خود بھی شامل ہیں۔
اکرم راجہ کے تبصروں کا جواب دیتے ہوئے رہنما شیر افضل مروت نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "خبر” میں کہا تھا کہ سلمان اکرم راجہ ہیں کون،ایک سال ہوا پارٹی میں آئےاور جنرل سیکریٹری بن گیا،نومئی کے بعدیہ لوگ ڈھونڈےسےنہیں مل رہے تھے۔
انھوں نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر راجہ کی اسناد پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ کیا انہیں ان کی تقرری کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کیا گیا تھا۔ مروت نے راجہ پر ایک بیرونی شخص ہونے کا الزام بھی لگایا، جو حال ہی میں پارٹی میں شامل ہوا تھا اور اب شرائط طے کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔